سندھ میں کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک مروجہ اوقات کے ساتھ جاری رہیں گی، ناصر شاہ
انجم تاجران سندھ نے جمعہ ' ہفتہ اور اتوار کو بھی کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا۔ جبکہ وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ ' سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک مروجہ اوقات کے ساتھ جاری رہیں گی۔
صدر انجم تاجران سندھ نے کہا ہے کہ ' جمعہ کو دوپہر 12 سے 3 بجے تک حکومتی ہدایات کے تحت کاروبار بند رہے گا۔ جمعہ سے قبل اور 3 بجے کے بعد بازار کھلے رہیں گے۔ دکاندار اور خریدار حکومتی ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ سندھ حکومت کے احکامات پر عمل کریں گے مگر اب کاروبار ہرگز بند نہیں ہوگا۔ اب مزید کاروبارکو بند کرنا تاجروں اور دکانداروں کے ساتھ زیادتی ہوگی۔
'ادھر وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک مروجہ اوقات کے ساتھ جاری رہیں گی۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کے ساتھ 31 مئی تک لاک ڈاؤن کا آرڈر کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 18 مئی کو ہدایات دی تھیں کہ ' کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک بغیر کسی رکاوٹ کے تسلسل سے جاری رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ' 31 مئی سے پہلے وفاقی حکومت این سی سی کا اجلاس کرے گی۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن سے متعلق صوبوں کی مشاورت سے فیصلے ہوں گے۔ لہٰذہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت کل بروز جمعہ ' ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں دیئے گئے اوقات کے مطابق جاری رہیں گی۔
اس سے قبل کراچی میں تاجروں اور صنعتکاروں کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ وفد میں بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی ' ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم ماندوی والا ' صدر کراچی چیمبر آغا شہاب اور دیگر شامل تھے۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ وزیراطلاعات ناصرحسین شاہ ' وزیرمحنت سعید غنی ' وزیرایکسائز مکیش کمار چاولہ اور وزیرصنعت اکرام اللہ دھاریجو موجود تھے۔ اس موقع پر سندھ حکومت نے تمام صنعتیں کھولنے کی تجویز سے اتفاق کرلیا۔

Comments
Post a Comment