نوماہ کا بجٹ خسارہ 300 ارب کم ہوگیا، وزارت خزانہ کی رپورٹ
موجودہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ حکومتی آمدن 4 ہزار 689 ارب اور اخراجات 6 ہزار 376 ارب سے زائد رہے. مالی خسارہ ایک ہزار 686 ارب روپے تک محدود رہا. جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 314 ارب روپے کم ہے۔ وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق سود کی ادائیگی کیلئے ریکارڈ 1879 ارب روپے خرچ کئے گئے۔
موجودہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ حکومت کی آمدن اور اخراجات سے متعلق وزارت خزانہ نے بجٹ آپریشنز کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق ' حکومتی آمدن 4 ہزار 689 ارب اور اخراجات 6 ہزار 376 ارب سے بھی زیادہ رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ' 9 ماہ میں مالی خسارہ 1686 ارب روپے تک محدود رہا. گزشتہ مالی سال اسی مدت میں بجٹ خسارہ 2 ہزار ارب روپے تھا. جو 300 ارب روپے کم ہے. صوبوں کی جانب سے 343 ارب کی بچت سے مالی خسارے میں کمی آئی. اسٹیٹ بینک کا منافع 635 ارب روپے سے زائد رہا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ' جولائی تا مارچ قرضوں پر سود کی مد میں 1879 ارب روپے خرچ کئے گئے. جو گزشتہ سال سے 420 ارب یعنی 29 فیصد زیادہ ہے. اخراجات پورے کرنے کیلئے 1686 ارب روپے قرض لیا گیا. اس دوران دفاع پر 802 ارب ' وفاق اور صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں پر 781 ارب خرچ کئے گئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ' پہلی ششماہی میں ٹیکس ریونیو میں 13.8 فیصد اضافہ ہوا ' وفاق نے 3 ہزار 273 ارب اور صوبوں نے 321 ارب ٹیکس جمع کیا۔

Comments
Post a Comment