وزیر اعظم کا رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ' روزے کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ' وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ میں رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں. اللہ تعالی کا فضل وکرم ہے کہ ' ہمیں اس نے ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ' روزے کی حالت میں بندہ اللہ تعالی کے حکم کی اطاعت کرتے ہوے ہر اس چیز سے اپنے آپ کو روک لیتا ہے جو عام دنوں میں اس کے لیے جائز ہوتی ہےجبکہ اس طرح بندے میں پر ہیز گاری اور تقوی پیدا ہوتا ہے۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ' نیز روزے کی حالت میں بھوک و پیاس کو برداشت کرنے سے دوسروں کا احساس اور ہمدردی کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔
کرونا پاکستان سمیت دنیا کیلئے امتحان ہے ' وزیراعظم
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ' اس وقت عالم انسانیت کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دو چار ہےاور بڑی بڑی طاقتیں اس وباء کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں لیکن پاکستانی قوم کو اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ' رمضان المبارک کے اس با برکت مہینے میں ہمیں ایثاروقربانی کا مظاہرہ کرتے ہوے ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ' ان مبارک گھڑیوں کے دوران ہمیں اللہ تعالی کے حضور دعا کرنی ہے کہ اللہ تعالی اپنا خصوصی کرم و فضل فرماتے ہوے سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالےجبکہ اللہ تعالی ہمارے ملک اور ہمیں اس مشکل گھڑی سے مزید مضبوط اور متحد بنا کر نکال دے۔ آمین۔

Comments
Post a Comment