یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی میں تاخیر کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہوگیا
وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت بجلی و گیس کے بلوں پر عوام کو سہولت ملنا شروع ہوگئیں. ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی اور 2 ہزار روپے تک کے گیس بلوں کی ادائیگی مؤخر کردی گئی۔
کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے متاثرہ عوام کیلئے وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت 1200 ارب روپے رکھے گئے تھے. پیکیج کے تحت بجلی اور گیس بلوں کی ادائیگی مؤخر کرنے کی سہولت پر عملدرآمد شروع کردیا گیا. ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فوری بل ادا نہیں کرنا پڑے گا۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق ' عوام کو بجلی بل کی مکمل ادائیگی یا بعد میں بل جمع کرانے کا آپشن دیا گیا ہے. اگر آپ نے مہینے میں 334 یونٹ استعمال کئے ہیں تو تمام چارجز اور ٹیکس شامل کرکے آپ کا ٹوٹل بل 2708 روپے بنتا ہے لیکن فی الحال آپ کو صرف 509 روپے ہی جمع کرانا ہوں گے . جبکہ 300 یونٹ تک بجلی کے بل کی ادائیگی صفر ہوگی۔
وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت 2 ہزار روپے ماہانہ گیس بل والے صارفین کو بھی تاخیر سے بل جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ' بجلی و گیس کے بلوں میں تاخیر سے 3 ماہ میں حکومت کو 100 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا. تاہم بجلی و گیس کے بل معاف نہیں ہوں گے. حالات بہتر ہونے پر عوام کو مؤخر شدہ بلز کی ادائیگی کرنا پڑے گی۔

Comments
Post a Comment