ڈسکہ: ضرورتمند بزرگ کی ایمانداری رنگ لے آئی
سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں ایک بزرگ شہری کی ایمانداری اور فرض شناسی رنگ لے آئی. انہیں سڑک پر ملنے والی خطیر رقم انتظامیہ نے حقدار تک پہنچادی۔
دو روز قبل 70 سالہ بزرگ عبدالحمید راشن کی تلاش میں ڈسکہ شہر آئے تھے کہ ' انہیں سڑک پر 2 لاکھ 65 ہزار ملے جو انھوں نے اصل مالک کو پہنچا دیَے جانے کی درخواست کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے حوالے کردیئے تھے.اسٹنٹ کمشنر نے رقم حقدار تک پہنچانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بزرگ کو خراج تحسین پیش کیا تھا کہ ' اس کٹھن وقت میں اور خود کو ضرورت درپیش ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے نفس پر قابو رکھا اور ایمانداری کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ عبدالحمید ان دنوں فاقوں کا شکار ہونے کے باعث اپنے اھل خانہ کیلئے راشن کی تلاش میں سرگرداں تھے۔رقم کے مالک عمر نے اپنی گمشدہ رقم کے حوالے سے خبر دیکھ کر اسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کیا جنہیں نشانیاں پوچھ کر اور اطمینان کئے جانے کے بعد گواہوں کی موجودگی میں وہ رقم دے دی گئی۔عمر کا کہنا تھا کہ ' انہوں نے وہ خبر سماء ٹی وی پر دیکھی تھی اللہ کا شکر ہے پیسے نیک بزرگ کے ہاتھ لگے اور انھوں نے رقم اے سی آفس پہنچا دی جس کے باعث انہیں انکی امانت واپس مل گئی۔اسٹنٹ کمشنر آصف نے کہا کہ ' بزرگ کو رقم کے مالک نے انعام کے طور پر پیسے دئیے ہیں تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ وہ انعامی رقم کتنی تھی۔

Comments
Post a Comment